ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نفرت کے خلاف جدوجہد سے ہوگا آزادی کا تحفظ: طارق انور

نفرت کے خلاف جدوجہد سے ہوگا آزادی کا تحفظ: طارق انور

Tue, 11 Oct 2022 11:42:47    S.O. News Service

نئی دہلی ، 11؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) آزاد ی کے امرت مہوستو کے تحت آج یہاں پریس کلب آف انڈیا میں وطن سماچارفورم کے زیر اہتمام مجاہدین آزادی اور شہیدوں کی قربانیوں کی یاد میں شاعری میلہ :2022کا انعقا د عمل میں آیا ، جس میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک کانگریس کے جنرل سکریٹری طارق انور نے جنگ آزادی کے متوالوں کو یاد کرتے ہوئے ایسے پروگرام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ جدوجہد آزادی میں ہندوستان میں بسنے والے ہر شہری نے بلا لحاظ مذہب و ملت اپنی قربانیاں پیش کیں ۔تاہم مہاتما گاندھی ہوں یا مولانا ابوالکلام آزاد،پنڈت جواہرلال نہرو ہوں یا علی برادران ، شہید بھگت سنگھ ، شہید اشفاق اللہ خان ، رام پرساد بسمل سبھی نے حتی المقدور اس جنگ میں اپنارول ادا کیا تھا اور انگریزوں کے دانت اس قدر کھٹے کردیئے کہ وہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ۔

مسٹر طارق انور نے مزید کہاکہ لاکھوں کی شہادت سے یہ آزادی ملی ،جس کی حفاظت کرنا اور بھائی چارہ کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوںنے لوگوں سے نفرت کے خلاف مہاتما گاندھی کی عدم تشدد کی پالیسی کو اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ہم امن اور بھائی چارے سے ہی نفرت کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ میلے میں شریک دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر منصوری نے کہاکہ ضروری ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کواپنے اکابرین و اسلاف کی قربانیوں سے واقف کرائیں ، کیو نکہ یہ آزادی ہندوستانیوں کو کئی قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی تھی۔ معروف صحافی قمر آغا نے آزادی کے متوالوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وطن عزیزکو آزادی دلا نے میں سبھی لوگوں نے قربانی پیش کی اس لئے ضروری ہے کہ وہی پیار ومحبت کو مزید فروغ دیا جائے۔

مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں نے اس پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر منصوری ، سینئر صحافی عامر سلیم خان، ممتاز عالم رضوی، فرزان قریشی، ڈاکر جاوید رحمانی، سوربھ شکلا کے علاوہ محمد ہدایت اللہ (جینٹل) ، سماجی کارکن زبیدالرحمان عرف ببن خان وغیرہ شامل تھے۔

ہاشمی گرپ کے سربراہ اور سپزر کمپنی کے مالک ایڈوکیٹ ، ڈاکٹر حکیم ایازالدین ہاشمی نے پروگرام کی صدارت کی، صحافی و مشہور شاعر معین شاداب نے نظامت کے فرائض انجام دیئے جبکہ پروگرام کے کنوینر اور وطن سماچار کے منیجنگ ورکر محمد احمد نے شرکائے پروگرام کا شکریہ ادا کیا۔


Share: